بھارتی عزائم کا جواب، عمران خان سے مسلح افواج کے سربراہوں کی ملاقات

March 21, 2019

اسلام آباد (ایجنسیاں) بھارتی عزائم کا جواب دینے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت کی اہم بیٹھک ‘ وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مسلح افواج سے متعلق پیشہ وارانہ امور سمیت ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں جنرل زبیر محمود حیات‘آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی شامل تھے۔آئی این پی کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں‘بھارت کو پہلے بھی امن مذاکرات کی دعوت دی اب بھی دیتے ہیں‘قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے‘ہم اپنے دفاع کا حق آئندہ بھی استعمال کریں گے‘ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر غور اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے کی سکیورٹی اور23مارچ کے حوالے سے قومی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔مسلح افواج کے سربراہان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، سروسز چیفس نے زمینی، فضائی اور بحری صورت حال اور تیاریوں پر وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن کیلئے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم کو پاک بھارت کشیدگی اور ممکنہ خطرات پر تازہ صورتحال اور کشیدگی پر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنی گفتگو میں حالیہ کشیدگی میں پاک فوج کے بروقت اقدامات کو سراہا۔