آغا سراج کے ریمانڈ میں 10 دن کی توسیع

March 21, 2019

احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں 10 دن کی توسیع کر دی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے اسپیکر سندھ اسمبلی کے ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع کی استدعا کی تھی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے پاس میرے خلاف کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب حکام میری فیملی، بھائی اور دوستوں کو بھی تنگ کر رہے ہیں، ہم عدالت پر یقین رکھتے ہیں، نیب کو جو کچھ ملا ہے وہ سب ڈیکلیئرڈ ہے۔

آغا سراج درانی نے یہ بھی کہا کہ اگر ملازمین نے اکاؤنٹ کھولے ہیں، تو مجھے علم نہیں، نیب کے پاس کچھ بھی نہیں ہے، بس مجھے بدنام کیا جا رہا ہے۔