نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے محرکات سے آگاہ کیا جائے، کمیونٹی رہنما

March 25, 2019

لوٹن (نمائندہ جنگ) 23مارچ پاکستانی کیلنڈر میں ایک نہایت اہم دن ہے کمیونٹی رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ اس دن کو خصوصی طور پرمنایا جائے نوٹنگھم سے لیبر پارٹی کی متحرک شخصیت اور پاکستان پیپلز پارٹی یوکے کے سینئر رہنما سید حسن احمد بخاری، پی پی ورکر ایکشن کمیٹی برطانیہ کے سیکرٹری انفارمیشن راجہ امجد مظہر نے کہا ہے کہ اس دن جو قرارداد پاس کی گئی تھی وہی پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی، ہم اس دن کی یاد مناتے وقت دعا گو ہیں کہ جن عظیم مقاصد کو سامنے رکھ کر اس وقت کی مسلم قیادت نے یہ قرارداد پیش کی تھی آج کی ہماری لیڈرشپ کو اللہ پاک توفیق دے کہ وہ ان کی تکمیل اور مملکت پاکستان کو درپیش گونا گوں چیلنجز پر کردار ادا کرسکے۔ برمنگھم سے بیرسٹر فیصل حسین نے کہا ہے کہ اس دن کی تاریخی اہمیت ہے ہمیں چاہئے کہ جن مقاصد کے لیے پاکستان حاصل کیا گیا تھا یعنی ایک نظریاتی ریاست اس پر کام کیا جائے اور برطانوی پاکستانی نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے محرکات سے آگاہ کیا جائے تاکہ وطن عزیز سے ان کے رشتے مضبوط ہوں لوٹن سے پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سابق چیف آرگنائزر متوازی پیر سید رضی حسن گیلانی ، کمیونٹی رہنما حاجی چوہدری محمد قربان اور ساؤتھمپٹن سے سنئیر نائب صدر برطانیہ مسلم کانفرنس چوہدری زیارت حسین نے بھی کہا ہے کہ مشاہیر پاکستان نے جن مقاصد کے لیے یہ خطہ حاصل کیا آج کی نوجوان نسل کو ان سے آگاہ کیا جائے۔ لوٹن سے جامعہ اسلامیہ غوثیہ کے مہتمم علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا ہے کہ 23مارچ کو دفاع پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہیں سابق مئیر لوٹن کونسلر محمد ریاض بٹ ، تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئرنائب صدر چوہدری محمد شریف نےبھی اظہار خیالات کیا۔