سی ڈی اے کا سیکٹر ڈی 12میں سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کرنیکا فیصلہ

March 25, 2019

اسلام آباد (نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) سی ڈی اے نے سیکٹر ڈی بارہ میں سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری دیکر فنڈز بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بحالی کا کام سوموار یا منگل کے روز سے شروع کر دیا جائیگا۔ سیکٹر ڈی 12میں الاٹیوں کی بڑی تعداد اپنے پلاٹوں پر مکانات کی تعمیر کر رہی ہے۔ سیکٹر میں تعمیراتی سرگرمیوں اور ماضی میں اس سیکٹر کو نظرانداز کئے جانے کی وجہ سے سڑکیں شکستہ حال تھیں۔ مزید برآں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے دوران فنانس منسٹر نے بھی اس سیکٹر کا دورہ کیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ زیرِالتواء ترقیاتی کاموں کو جلداز جلد مکمل کیا جائے۔ سیکٹر میں سڑکوں کی ری کارپٹنگ کے ساتھ ساتھ لین مارکنگ بھی کی جائیگی جبکہ کرب سٹون اور کیٹ آئیز کی تنصیب بھی کی جائیگی۔ سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکٹر کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو جلداز جلد مکمل کرے۔ علاوہ ازیں متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکٹر کے رہائشیوں کی سہولت کیلئے عدم دستیاب سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں۔ دریں اثناء سی ڈی اے نے شہر کے مختلف علاقوں میں پیدل چلنے والوں کیلئے پیڈیسٹرن کراسنگ کی تعمیر کا فیصلہ بھی کیا ہے۔