’بلیک میلنگ چلے گی، نہ ہی کوئی این آر او ملے گا‘

March 25, 2019

وزیر اعظم عمران خان نےکہا ہے کہ کوئی بلیک میلنگ نہیں چلے گی اور نہ ہی کوئی این آر او ملے گا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ماضی میں جعلی اکاونٹس کے ذریعے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی، ایان علی اور بلاول بھٹو کے ایئر ٹکٹس ایک ہی جعلی اکاونٹس سے بنائے گئے تھے۔ بلاول بھٹو نیب سے خوفزدہ ہیں اس لیے رو رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کوئی بلیک میلنگ نہیں چلے گی اور نہ ہی کوئی این آر او ملے گا، اپوزیشن رونا دھونا چاہتی ہے تو احتجاج کے لیے کنٹینر دینے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو کس قانون کے تحت باہر علاج کیلئے بھجوائیں، ایسا کوئی قانون نہیں ہے۔ نوازشریف کو علاج سے متعلق حکومت مکمل سہولیات دے رہی ہے وہ ملک کے اندر جہاں چاہے علاج کراسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف30سال حکومت کرنے کے باوجود ایک ایسا اسپتال نہ بناسکے جہاں ان کا علاج ہوسکے، انہوں نے ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں بنالیں مگرایک اسپتال نہ بناسکے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی الیکشن تک اب بھی بھارت سے خطرہ موجود ہے، ہم مکمل طور پر چوکنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اُن سے ملنا چاہتے تھے لیکن افغان حکومت کے احتجاج پر وہ اُن سے نہیں ملے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر ملنے کی امید ہے، قوم دعا کرےاس سے متعلق قوم کو جلد خوش خبری دوں گا۔