’عمران خان آج بھی نواز، شہباز سے خوفزدہ ہیں‘

March 25, 2019


مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب این آر او کی جھوٹی رٹ لگا کر عوام کوبے وقوف نہیں بناسکتے، قوم کو بتائیں کہ آپ اپنی بہن علیمہ خان اور دوست جہانگیر ترین کو این آر او دے چکے ہیں۔

وزیراعظم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنے بیان سے عدالت پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 5 سال سےنواز شریف اور شہباز شریف کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، اپنی نااہلی کی وجہ سے اپوزیشن کو کنٹینر دینا چاہتے ہیں۔

ن لیگی ترجمان نے استفسار کیا کہ عمران صاحب علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کے خلاف کارروائی کیوں نہیں شروع کراتے؟ ہم آپ کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، جلد وہ خود کنٹینر پر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنی نااہلی چھپانے کے لئے اپوزیشن کو بلیک میل کرنےکی ناکام کوشش کرتے ہیں،عمران خان پر اب بھی صرف نواز شریف اور شہباز شریف کا خوف طاری ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کی نالائقی اور عوام دشمن ذہنیت کےخلاف اکٹھی ہو رہی ہے،وزیراعظم جھوٹ بولنے کے اپنے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم آپ کو آپکی نالائقی،نا اہلی اورجھوٹے وعدوں کی وجہ سے مسترد کرے گی، عمران خان ن لیگ پرتنقید سے پہلے اپنے کسی ایک منصوبے کا نام بتائیں۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ آپ تو شہباز شریف جیسی ایک میٹرو نہیں بنا سکے،عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے خیبر پختونخوا میٹرو ایک کھرب سے زیادہ تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی بجلی بھی نواز شریف اور شہباز شریف نے پوری کی،عمران خان قوم کو مہنگائی اور 350 ڈیمز کے متعلق بتائیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان آپ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے آپریشن تھیٹرکی چھت بھی مرمت نہیں کراسکے،آپ 6 ماہ میں قرض 3ہزار ارب کی ریکارڈ سطح پر لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قوم کو بتائیں،جی ڈی پی 5.8 فیصد سے کم ہوکر3 فیصد کےقریب آگیا،وہ ٹیکس وصولیوں میں ریکارڈ 485.9 ارب روپے خسارے کا قوم کو جواب دیں۔