بلاول بھٹو 10 اپریل کو تھرکول پاور کا دورہ کرینگے، مرتضیٰ وہاب

April 05, 2019

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کے بعد چئیرمن بلاول بھٹو زرداری دس اپریل کو اسلام کوٹ میں تھرکول پاور پروجیکٹ کا دورہ کرینگے،اور 12 اپریل کو گھوٹکی میں جلسہ سے خطاب کرینگے۔گھوٹکی کا جلسہ ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے گھوٹکی سے منتخب ارکانِ اسمبلی، عہدیداران و کارکنان گذشتہ چند روز سے پارٹی چیئرمین سے جلسہ عام منعقد کرنے کی اپیل کر رہے تھے۔جیالوں کی پرزور خواہش کو مدنظر رکھتے ہوۓ پارٹی چیئرمن نے 12 اپریل کو گھوٹکی جلسے کا اعلان کیا۔لاڑکانہ کی طرح گھوٹکی جلسے میں بھی عوام کا سمندر ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ چئیرمن بلاول بھٹو پہلے فیز میں 660 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کو نیشنل گرڈ سے لنک کرنے کی رونمائی کرینگے۔تھرکول پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1996میں سنگ بنیاد رکھا تھا۔

شہید بی بی کے خواب کو سندھ حکومت نے روشن تھر، روشن سندھ اور روشن پاکستان کی صورت میں حقیقت کا روپ دیا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس افتتاح کی تاریخی اھمیت ہے، جو کہ بلاول بھٹو رقم کرنے جا رہے ہیں۔