’’حمزہ کو کسی صورت گرفتار نہیں ہونے دیں گے‘‘

April 06, 2019

مسلم لیگ نون کے رہنما اور میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ کسی صورت حمزہ شہباز کو گرفتار نہیں ہونے دیں گے۔

مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کی لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر آج پھر نیب نے چھاپہ مارا ہے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے سیکریٹری نے کہا کہ ہر قسم کی صورت حال کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔

حمزہ شہباز کےسیکریٹری کا یہ بھی کہنا ہے کہ حمزہ شہباز دہشت گرد نہیں جو اس طرح سے انہیں گرفتار کیا جائے، ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں اور جمہوری طریقے سے جنگ لڑیں گے۔

واضح رہے کہ نیب کی ٹیم نے گزشتہ روز بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم وہ کسی کو گرفتار نہیں کر سکی تھی۔

آج نیب کی ٹیم تیاریوں کے ساتھ دوبارہ شہباز شریف کے گھر پہنچی ہے، اس کے ہمراہ پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جن میں خواتین اہلکار بھی کافی تعداد میں شامل ہیں۔

نیب کی ٹیم اور پولیس اہلکاروں نے میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ وہاں مسلم لیگ نون کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔