قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی ٹیم نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے گھر دوبارہ چھاپہ مارا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم آج مکمل تیاری کے ساتھ آئی ہے، اس کے ہمراہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کا وارنٹ بھی ہے۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم کے پاس ٹھوس شواہد ہیں اور آج وہ حمزہ شہباز کو گرفتار کر لیں گے۔
یہ لاہور میں نیب کی ٹیم کا شہبازشریف کے گھر کا 24 گھنٹے کے دوران دوسری بار چھاپہ ہے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے شہباز شریف کی رہائش گاہ ایچ 96 کا محاصرہ کر لیا ہے، سیڑھی بھی پہنچا دی گئی ہے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی نیب ٹیم کے ساتھ ماڈل ٹاؤن میں موجود ہے،جس میں خواتین اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔
پولیس نے ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ کو جانے والے راستے بند کر دیے ہیں۔
مسلم لیگ نون پنجاب کے ترجمان ملک احمد خان کا کہنا ہےکہ نیب کی ٹیم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر دوبارہ آئی ہے۔
دوسری جانب پولیس کے شہباز شریف کی رہائش گاہ کے راستے روک لینے کے باوجود اطراف کی گلیوں میں مسلم لیگ نون کے کارکن بڑی تعداد میں جمع ہو گئے ہیں جو اپنے رہنماؤں بالخصوص حمزہ شہباز کے حق میں اور نیب کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ نیب کی ٹیم نے گزشتہ روز بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم وہ کسی کو گرفتار نہیں کر سکی تھی۔
نیب کی جانب سے حمزہ شہباز کے گارڈز کے خلاف نیب کے عملے پر تشدد کا مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا۔
آج نیب کی ٹیم تیاریوں کے ساتھ دوبارہ شہباز شریف کے گھر پہنچی ہے، اس کے ہمراہ پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جن میں خواتین اہلکار بھی کافی تعداد میں شامل ہیں۔
نیب کی ٹیم اور پولیس اہلکاروں نے میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ وہاں مسلم لیگ نون کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔