چور دکان کے شٹر توڑکر 28لاکھ روپے مالیت کے زیورات لے اڑے

April 15, 2019

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سٹی تھانے کی حدود ریشم بازار میں جوئیلر کی دکان کے شٹر توڑکر نامعلوم افراد 28 لاکھ روپے مالیت کے طلائی ونقرئی زیورات اور پرائز بانڈ ز چوری کر کے فرارہوگئے، دکان مالک کی مدعیت میں سٹی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ مارکیٹ کے شٹر کھلادیکھ کر انہوں نے بروقت 15 مددگار پر اطلاع کی تھی لیکن پولیس تاخیر سے پہنچی ۔تفصیلات کے مطابق سٹی تھانے کی حدود میں ریشم بازار میں الفاروق اسکول کے قریب واقع لودھی مارکیٹ کے شٹر کے کنڈ ے کاٹ کر نامعلوم چور مارکیٹ میں داخل ہوئے اورلکی گولڈ کلیکشن جوئیلرز کی دکان کے شٹر کے کنڈے کاٹ کر دکان میں داخل ہوئے اوردکان میں موجود 457گرام سے زائد طلائی زیورات اور 50ہزارروپے سے زائد مالیت کے چاندی کے زیورات اورپرائز بانڈز چوری کر کے فرار ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ قریبی مسجد میں نماز فجر پڑھ کر جانے والے افراد نے مارکیٹ کے شٹر کے کنڈے ٹوٹے ہوئے اور شٹر الٹا ہوا دیکھ کر فوری طورپر 15مددگار پولیس کو اطلاع دی لیکن اطلاع کے باوجود پولیس اہلکار کافی تاخیر سے پہنچے جس کے باعث مارکیٹ میں موجود چور واردات کے بعد اطمینان سے فرار ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ پولیس بروقت اطلاع پر پہنچ جاتی تو واردات ناکام بنائی جاسکتی تھی۔ واردات کی اطلاع پر جوئیلرز اینڈصرافہ ایسوسی ایشن کے عہدیدار دکان مالک رحمان علی کے ہمراہ سٹی تھانے پہنچ گئے جہاں آخری اطلاعات تک واردات کی ایف آئی آر درج کی جارہی تھی ۔ذرائع کاکہناہے کہ لکی گولڈ کلیکشن جوئیلرز کی ایک اور دکان سمیرا جوئیلرز کے نام سے شاہی بازار میں بھی ہے جہاں ایک سال قبل 3کلو سونے کی چوری کی واردات ہوئی تھی۔