شرپسندوں کے عزائم اتحاد سے ناکام بنائیں گے، ویسٹ مڈلینڈز میں اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں، اینڈی سٹریٹ

April 16, 2019

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) ویسٹ مڈلینڈز میں اسلاموفوبیا کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے طویل عرصہ سے مختلف عقائد کی حامل کمیونٹیز پیارو محبت سے مل جل کر رہ رہی ہیں اور اپنے اتحاد سے شرپسندوں کے عزائم ناکام بنائیںگی۔ گزشتہ ماہ مساجد پر حملوں کے فوری بعد متاثرہ مساجد میں ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے ہمراہ دورہ کرکے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور مسلم کمیونٹی کو مکمل تحفظ دینے کے اقدامات کئے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات قائم ہیں لیکن میرے دورہ 2017ء کے بعد ان تعلقات اور تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ بریگزٹ کے بعد پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا جن سے برطانیہ نئے تجارتی معاہدے اور تجارت کو فروغ دےگا۔ ان خیالات کا اظہار ویسٹ مڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی کے میٹرو میئر اینڈی سٹریٹ نے پہلی مرتبہ براہ راست روزنامہ جنگ، جیو سمیت ایشین نیوز چینلز سے تفصیلاً بات چیت میں کیا، انکے ہمراہ سابق کونسلر، میئر ایڈوائزر، میئر کے کمیونکیشن ڈائریکٹر سائمن رین، محمد عارف، معروف بزنس شخصیت ذوالفقار علی، سویٹ گروپ چیف ایگزیکٹیو عمیر علی، آصف عزیز، کمبائنڈ اتھارتی کے میٹرو میئر اینڈی سٹریٹ نے نیوز چینلز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے بعد پورا میڈلینڈز بااختیار کمبائنڈ اتھارٹی کے طور پر سات کونسلوں کے اشتراک سے معرض وجود میں آیا تھا جو براہ راست عوامی ووٹوںکے ذریعے منتخب ہوا تھا۔ کمبائنڈاتھارٹی برمنگھم، والسال، وولورہمپٹن، کوونٹری، ڈڈلی، سینڈویل، سولی ہل سات کونسلوںپر مشتمل ہے۔ بنیادی طور پر کمبائنڈ اتھارٹی ٹرانسپورٹ، پلاننگ، سکلز ٹریننگ، بے روزگاری کا خاتمہ، میجر شعبہ جات ہیں لیکن دیگر شعبہ جات پولیس، نائف کرائم، بن کرائسز، مقامی کونسلیں کنٹرول کرتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میںاینڈی سٹریٹ کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی سے تقریباً سالانہ (1500)پندرہ سو افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ اس لئے فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے ٹرانسپورٹ پر بڑے پیمانے پر کام کررہے ہیں، نئے ٹرین ٹریک، سائیکل روٹس، میٹرو، ریپڈ سروس کا دائرہ کار وسیع کررہے ہیں تاکہ لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں عام گاڑیاں شہر کا رخ نہ کریں۔ اس حوالے سے سٹی کونسل نے کلین ایئرزون کا نظام آئندہ برس متعارف کرانا ہے جسکے مطابق گیس، الیکٹرک پر چلنے والی گاڑیاں چارجز سے مستثنیٰ ہوںگی جبکہ ڈیزل اور پٹرول کی پرانی گاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ جبکہ یوروسٹینڈرڈ5پٹرول اور یورو سٹینڈرڈ6 ڈیزل فری آف چارجز یعنی کہ چارجز سے مستثنیٰ ہوں گی۔ کیونکہ آئندہ ماہ کرکٹ ورلڈکپ کے میچ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیں کامن ویلتھ گیم 2022ء کی تیاری بھی کرنا ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انکا مزید کہنا تھا کہ نئے گھروں کی تعمیر ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ اس حوالے سے پچیس ہزار نئے گھر مناسب قیمتوں پر ورکنگ کلاس فیملی کیلئے دستیاب ہوںگے اس حوالے سے خاصا کام ہوچکا ہے۔ بڑھتے ہوئے چاقو زنی، گن فائرنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظالم کی اس نئی لہر کو کچلنا ہوگا۔ صرف پولیس کے بس کی بات نہیں بلکہ سب اداروں کو آن بورڈ کرکے اس طرحکے کرائم کا خاتمہ ممکن ہے۔ اس حوالے سے مختلف کمپیئن جاری ہیں ہم ایشین میڈیا کی سروسز بھی حاصل کریں گے۔ سکول ٹیچرز، ڈاکٹرز، NHSوالدین کمیونٹی رہنمائوں کو مل کر اس نائف کرائم کی لہر کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ اینڈی سٹریٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کی کمیونٹی نے برطانیہ کی تعمیر و ترقی سمیت یہاںکی تجارت سیاست میں اہم نام کمایا ہے۔ علاوہ ازیںانہوں نے ایک کاروبار کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کاروبار سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوتا ہے اور معاشرہ خوشحال ہوتا ہے۔ ہمیں چھوٹے کاروباری حضرات کی معاونت کرنے پر فخر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ ہیٹ کرائم، نفرت انگیزی کی کوئی جگہ نہیں برمنگھم ایک کثیر الثقافتی شہر ہے یہاں پر تمام عقائد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے نہ صرف ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے کلچرل و ثقافتی پروگرامز میں شریک ہوکر خوشیاں بانٹتے ہیں۔ اینڈی سٹریٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ویسٹ مڈلینڈ اور پاکستان کے ساتھ نئے تجارتی لنک بڑھانا چاہتےہیں۔ عنقریب پاکستان ہائی کمیشن لندن اور قونصلر جنرل پاکستان برمنگھم کے ساتھ ملاقات کرکے لندن اور مانچسٹر کی طرز پر برمنگھم میں بھی ہمارا مطالبہ کیا کہ ایک بزنس اتاشی تعینات کیا جائے تاکہ ایشین چیمبر آف کامرس، برمنگھم چیمبر آف کامرس اور اسلام آباد اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے ساتھ براہ راست تجارتی معاہدے ہوں اور کاروبار کو وسعت ملے۔ اینڈی سٹریٹ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ تین برسوںمیں برطانیہ و پاکستان کے درمیان امپورٹ اور ایکسپورٹ کا حجم بڑھا ہے۔ برطانیہ پاکستان سے گارمنٹس سمیت دیگر سامان امپورٹ کرتا ہے اور پاکستان کو میٹل گڈز ایکسپورٹ کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ بزنس تجارتی حجم مزید آگے بڑھے، اینڈی سٹریٹ کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً اس ریجن میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد پاکستان و کشمیری یہاںآباد ہیں انکا رول انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔