ماڈل کورٹس کے قیام کیخلاف وکلاء کی ہڑتال،عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے

April 16, 2019

کراچی / راولپنڈی / اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر / نمائندگان) ماڈل کورٹس کے قیام کیخلاف پنجاب بار کونسل اور پاکستان بار کونسل کی کال پر راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت صوبے بھر کے وکلاء نے گزشتہ روز ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، آج منگل اور کل بدھ کے روز بھی کوئی وکیل ماڈل کورٹ میں پیش نہیں ہوگا جو حکم عدولی کرے گا اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا جبکہ قیادت کے حکم پر 25اپریل کو وکلاء سپریم کورٹ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاج بھی کریں گے، آئے روز کی ہڑتالوں سے عدالتی نظام متاثر اور سائلین رسوا ہو رہے ہیں، متاثرین نے اس صورتحال پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کون سدباب کرے گا۔ کراچی کی سٹی کورٹ میں قائم ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹس میں وکلا ء نے کام بند کروادیا۔ عدالتوں میں موجو دوکلا اور ملزمان کو باہرنکال دیا۔ ماڈل کورٹس کے ججز وکلا کے دبائو پر سماعت ختم کرکے چیمبرز میں چلے گئے۔ سائوتھ کی ماڈل کورٹ میں سرکاری وکلا اورکراچی بار کے عہدیداروں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔