سندھ اسمبلی :عمران خان اورخالد مقبول کیخلاف قرارداد مذمت منظور

April 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان اورایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے خلاف قرارداد مذمت منظور ،تفصیلات کے مطابق اسمبلی میں پیر کو اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے خلاف صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد مذمت منظور کرلی گئی جبکہ ایسی ہی ایک دوسری قرارداد وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی منظور کی گئی جو بھارتی الیکشن میں ان کی جانب سے بھارتی وزیراعظم مودی کی مبینہ حمایت کے بیان پر پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ندا کھوڑو نے پیش کی تھی۔ شہلا رضا نے اپنی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے کبھی غیر جمہوری اقدار کو پروان نہیں چڑھایا،فاطمہ جناح پر حملہ ہوا تو کراچی کے لوگوں نے اپنا کردار ادا کیا،پھر کراچی کو نظر لگ گئی اور خون کی ہولیاں کھیلی گئیں،یہاں کے لوگوں کو زبان مذہب اور فرقہ بندی کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا،کچھ دن پہلے کی پریس کانفرس کوئی نئی بات نہیں ماضی میں بھی اس قسم کے کام ہوتے رہے ہیں۔