ایمنسٹی اسکیم ، عوام کو کیا جواب دینگے، کابینہ میں بعض ارکان کا مؤقف

April 17, 2019

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ) ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر وفاقی کابینہ میں بعض وزراء نے اعتراضات اٹھادیئے جس کی وجہ سے وفاقی کابینہ نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی منظوری نہیں دی اور آج خصوصی اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر مزید غور کیا جائیگا ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کابینہ کے بعض ارکان کا موقف تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ٹیکس چوروں ، قومی دولت لوٹنے والوں اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی بات کی لیکن اب ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے یہ تاثر لیا جائے گا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ٹیکس چوروں اور قومی دولت لوٹنے والوں کو محفوظ راستہ فراہم کر رہی ہے عوام کو کیا جواب دیں گے ، ذرائع کے مطابق بعض کابینہ ارکان کا موقف تھا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم نہ لائی جائےجس سے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے فوری اجراء کا معاملہ کھٹائی میں پڑتا نظر آتا ہے ، ایمنسٹی سکیم کے مسودے میں ترمیم کی جائیگی اور ایمنسٹی سکیم کے اجراء سے قبل عوام کو اعتماد میں لیا جائیگا،امکان ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا فوری اجراء معطل کر دیا جائے تاہم اس کا حتمی فیصلہ آج خصوصی اجلاس میں کیا جائے گا۔