علماء نفرتیں ختم ، بھائی چارے کی فضا کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، امام کعبہ

April 17, 2019

لاہور ( جنگ نیوز) امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی نے کہا ہے کہ دین میں غلو اور شدت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستانی قوم فوج اور حکومت کو دہشت گردی کی لعنت پر قابو پانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مرکز اہل حدیث راوی روڈ لاہور میں منعقد تقریب میں سورہ بقرہ کی تلاوت سے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے امام حرم کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں، علماء کو نفرتیں ختم کرکے بھائی چارے کی فضا کے لیے کردار ادا کرنا،مسلکی اور فرقہ وارانہ اختلافات ختم کرکے متحد ہو نا ہوگا۔ قبل ازیں انہوں نے نماز عصر کی امامت فرمائی، اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ امام کعبہ شیخ نے مزید کہا کہ علماء نے اللہ کے بندوں کو آپس میں جوڑنا ہے، آپ لوگوں کو جو بھی فتویٰ دیں حق اور سچ پر مبنی ہونا چاہیے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ مسلمانوں میں دہشت گردی کے عفریت میں پھنسنے کا سبب نا اتفاقی ہے، ایسے وقت میں علماکا کردار بہت اہم ہے۔ امام کعبہ کامزید کہنا تھا کہ اسلام میں جبر و تشدد اوربے جا غلو کی کوئی گنجائش نہیں، سنت ِرسول اللہ پر عمل ہی اْمت ِمسلمہ کو راہِ راست پر عمل پیرا رکھ سکتا ہے اور اسلام میں کسی لسانی اور وطنی گروہ بندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے امام کعبہ کی آمد پر ہدیۂ تہنیت پیش کیا اور کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے علاوہ صوبائی وزیر سید سعید شاہ‘ حافظ ابتسام الٰہی د ودیگر نے شرکت کی۔ دریں اثناء مقامی ہوٹل میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی طرف سے امام کعبہ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی‘ صحافتی‘ سماجی اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے امام صاحب کے ساتھ مصافحہ کیا اور تصاویر بنوائیں۔