کرکٹ بورڈ کیخلاف کیوں بولے،نعمان بٹ غیرمعینہ مدت کیلئے معطل

April 19, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بورڈ آف گورنرز کے رکن نعمان بٹ کو پی سی بی کے خلاف بولنا مہنگا پڑ گیا۔ پی سی بی نے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے رکن نعمان بٹ پر پابندی عائداور غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کردیا ہے۔ اس طرح پاکستان کرکٹ بورڈ اور بورڈ آف گورنرز کے معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن پر آسکتے ہیں۔ چند سال پہلے پروفیسر اعجاز فاروقی کو بھی معطل کیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز گورننگ بورڈ کے اجلاس میں خلاف ضابطہ قرارداد پیش کرنے اور مطالبات کی منظوری تک اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر گورننگ بورڈ کے رکن کو معطل کردیا ہے۔ سیالکوٹ ریجن کے سربراہ نعمان بٹ جو قرارداد پیش کرنے میں سب سے نمایاں تھے۔ ان کے خلاف ایک رکن بورڈ آف گورنرز نے شکایت کی تھی، پی سی بی شکایت کندہ کا نام افشاء نہیں کیا ہے۔ جمعرات کو پی سی بی نے اعلان کیا کہ گورننگ بورڈ کے ایک رکن نے شکایت دائر کرتے ہوئے نعمان بٹ کو پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے جہاں ان پر خفیہ معلومات افشا کرنے اور چیئرمین پی سی بی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ بورڈ کے آئین کے آرٹیکل 10(6) کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ایک آزاد ایڈجو ڈکیٹر کو مقرر کردیا ہے۔ نعمان بٹ کے کیس کی سماعت جسٹس ریٹائرڈ فضل میرا چوہان کریں گے۔ انہیں بورڈ آف گورنرز اور کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ نعمان بٹ پر پی سی بی آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی کا بھی الزام عائد کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے ہی گورننگ بورڈ کے چند ارکان کی جانب سے بعض معاملات پر اختلاف رائے کے سبب آئینی بحران کا سامنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ آئین میں گورننگ بورڈ 10ارکان پر مشتمل ہے جس میں ریجن اور ڈپارٹمنٹ کے چار چار اراکین کے علاوہ دو نمائندے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن کے نامزد کردہ ہیں۔