زمین کو اتنا تباہ کر دیا ہے کہ واپسی مشکل لگتی ہے، سر ڈیوڈ اٹین برو

April 19, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) قدرت کے اتار چڑھائو کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنے والے تجربہ کار اور معروف ماہر (Naturalist) سر ڈیوڈ اٹین برو نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی نسلِ انسانی کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے پروگرام ’’کلائمٹ چینج - دی فیکٹس‘‘ میں بات چیت کرتے ہوئے نامور براڈکاسٹر ڈیوڈ اٹین برو نے اس بحران کا احاطہ کیا جس کا سامنا کرۂ ارض کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زمین کو اتنی حد تک تباہ کر دیا ہے کہ اب واپسی مشکل معلوم ہوتی ہے اور ہمارے معاشرے تباہی کے دہانے پر ہیں، تاہم اب بھی تھوڑی امید باقی ہے، اگر ڈرامائی انداز سے اصلاحات اور سدھار لایا جائے تو کچھ ہو سکتا ہے لیکن یہ ہنگامی اقدامات ایک دہائی کے اندر ہی کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20؍ سال سے میں ماحولیاتی تباہی کی بات کر رہا ہوں لیکن اُس وقت سے اب تک آنے والی تباہ کن تبدیلی انتہائی تیزی سے آئی ہے۔