قومی موسیقی میلے کا آغاز، فنکاروں نے رنگ جمادیا

April 20, 2019

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام قومی موسیقی میلہ بھرپور انداز میں پی این سی اے کے اوپن ائیرتھیٹر میں شروع ہوگیا جس میں ملک کے ممتاز لوک گلوکاروں نے مدھر سراور سنگیت پیش کرکے شائقین محفل کے دلوں کو موہ لیا۔

25 اپریل تک جاری رہنے والے میلے میں، قوالی ، کلاسیکل، نیم کلاسیکل ، صوفی، لوک موسیقی سجائی جائے گی، میلے میں ملک کے تمام صوبوں سے فنکار شرکت کر رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق اس میلہ میں موسیقی کی تمام اصناف پیش کی جا رہی ہیں ،فلمی نغموں کی یہ شام نغمہ نگار ، گلو کار اور ہدایت کار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منائی جارہی ہے۔

میلہ میں جمعے کے روز مشہو ر علاقائی گلوکار اور سازندہ نوازوں نے اپنے اپنے فن کے جوہر دکھائے ، جس میں علاقائی ثقافت کی بھر پور عکاسی دیکھنے میں آئی۔

ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جمال شاہ نے کہا کہ پی این سی اے کی ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کے ہر گوشہ کی ثقافت کی نمائندگی ہو اس سلسلے میں پی این سی اے اپنی بھر پور کردار ادا کرنے کی کوشش میں ہمہ وقت مصروف ہے ۔

ادارے کو جو اغراض و مقاصد تغویض کئے گئے ہیں ان میں دو ر دراز کے فنکاروں کو سامنے لانا اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

زر سانگا اس کی ایک نمایاں مثال ہیں ادارے نے ان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی اور ان کے علاوہ اور بھی بہت سے فنکار جو پاکستان کی پہچان بنے وہ بھی پی این سی اے کے پلیٹ فارم کی بدولت ہیں۔

فوک میں مسیط گل ، (کے پی کے) ، ناصر علی ( جھنگ)،عاصمہ راجپوت (راولپنڈی) ، عمران راجہ (کشمیر) ، قربان نیازی(اسلام آباد) ، لیلی جٹی(پنجاب)، انور خیال (کے پی کے) ، نعیم الحسن (سرائیگی)، فضل عباس جٹ (فیصل آباد)، زرسانگا(کے پی کے) ، اور اختر چنال، (بلوچستان) نے اپنی علاقائی گائیگی کے جوہر دیکھائے۔