تبدیلی کے نام پر قوم کے ساتھ دھوکہ کیا گیا، حافظ محمد ادریس

April 20, 2019

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل برطانیہ کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس نے کہا یہ کہ عمران خان کی حکومت کے پہلے9ماہ کے اندر ہی ملک میں کوئی تبدیلی کے اثرات تو نظر نہیں آئے، البتہ پوری کابینہ کو تبدیل کرنے اور غیر منتخب وزرا اور مشیروں کی فوج کابینہ شامل کرلی ہے۔ عمران حکومت نے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرلیا ہے کہ ان کے ساتھ باصلاحیت اور دیانتدار لوگ نہیں ہیں، جن لوگوں کو انہوں نے پارٹی اور حکومت میں شامل کیا تھا وہ سارے دوسری جماعتوں کے بھگوڑے تھے، ان سے کسی کارکردگی کی توقع نہیں رکھنی چاہئے تھی۔ آخر عمران خان پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں کہ وہ حکومت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب سارے سلیکٹڈ لوگ حکومت کریں گے، جمہوریت اور تبدیلی کے وعدے اور دعوے محض ملک اور قوم کے ساتھ دھوکہ ہیں۔ یہ دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں کہ کیپٹن ٹھیک ہونا چاہئے، یہ کوئی کرکٹ کے بارہ کھلاڑیوں کا کام نہیں ہے، یہ پورے ملک اور22کروڑ عوام کا مسئلہ ہے۔ اس کے لئے ساری ٹیم مخلص اور باصلاحیت ہونی چاہئے۔ وقت اور حالات نے ثابت کردیا ہے کہ عمران خان کے اندر کوئی جمہوریت نہیں، انہیں ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔ حافظ ادریس نے کہا کہ9ماہ میں کوئی کرپشن اور لوٹ مار کا پیسہ واپس نہیں آیا، کرپشن میں ملوث جن لوگوں کو سزا ہوئی تھی وہ بھی رہا ہورہے ہیں، کسی بھی ادارے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، تھانوں اور عدالتوں میں وہی لوٹ مار، کرپشن اور رشوت کا بازار گرم ہے اور کہیں کوئی انصاف نظر نہیں آتا، تبدیلی کے نعرے محض دھوکہ اور فراڈ تھا، ملک پر آمریت مسلط ہے۔