شب برأت مذہبی عقیدت واحترام سے آج منائی جائے گی،مساجد پر چراغاں

April 20, 2019

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) شب برأت نہایت مذہبی عقیدت واحترام سے آج منائی جائے گی، اجتماعات میں اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ، بخشش ومغفرت اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی،شہری سنت رسولؐ کا اتباع کرتے ہوئے قبرستان جائیں گے اور اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائینگے اور فاتحہ خوانی کرینگے،سندھ پولیس نے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لئے سخت سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے، جماعت اہلسنت کے تحت بعد نماز عشاء عبادات الٰہی، توبہ واستغفار،شب بیداری ہوگی مساجد میں علمائے کرام شب برأت کے فضائل بیان کریں گے،محافل ذکر ونعت، درود شریف کا اہتمام کیا جائے گا، شعبان کی 15ویں شب کو مغفرت اور رحمت کی رات بھی کہا جاتا ہے، مسلمان شب بھر خصوصی دعائیں کرکے اپنے لیے بخشش کی دعائیں کرتے ہیں، شہر بھر میں مختلف مساجد اور امام بارگاہوں کو برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے،شب برأت کی آمد سے قبل ہی شہر کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور قبرستانوں کے باہر اور تین ہٹی پر اسٹالز پر گلاب کے پھول اسٹاک کرلیے گئے ہیں، ممتاز علمائے کرام نے کہا ہے کہ اس رات آتش بازی وغیرہ غیر شرعی ہے یہ فعل مریضوں اور بیماروں کے لئے شدید تکلیف کا باعث بنتا ہے۔