مٹھی سے کراچی آنے والی مسافر کوچ کو خوفناک حادثہ، 8 ہلاک، 35 زخمی

April 20, 2019

بدین(نامہ نگار)بدین کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ کے خوفناک حادثے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 35 زخمی ہوگئے ہلاک ہونیوالوں میںڈرائیور، کنڈیکٹر، خاتون اوربچہ بھی شامل ہیں، پولیس کے مطابق حادثہ مورجھر کے قریب کراچی ہائی وے پر پیش آیا جہاں مٹھی سے کراچی جانے والی ایئر کنڈیشنڈ مسافر کوچ بی ایس بی 768تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں5مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 3 اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے، ہلاک ہونیوالوں میں پرکاش، تیرتھ ، مدن ، جنت خاتون ، ایک سالہ انایا ، رمضان ، عبداللہ، بھشیم شامل ہیں ہلاک ہونیو الو ں میں4 افراد کا تعلق تھرپارکر، 2 کا میانوالی اور2 کا بدین سے ہے، زخمیوں میں سے اکثریت کا تعلق تھرپار کر ضلع سے ہے حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی وقوعہ پر پہنچ گئی اور مقامی رضاکاروں اور پولیس نے زخمیوں اور لاشوں کو انڈس سول اسپتال بدین منتقل کیا زخمیوں میں سے 12 مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جن میں سے 4 کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال پہنچنے والے زخمیوں کو طبی امداد دی گئی،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نےحادثے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔