پاکستان میں ارکان پارلیمان، تھنک ٹینکس اورسوسائٹی کو مسئلہ کشمیر پرمتحرک کرنا ہوگا، راجہ نجابت حسین

April 21, 2019


اسلام آباد(پ ر)جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر جہاں دنیا بھر میں عالمی فورمز اور مختلف ممالک کی پارلیمنٹس میں لابی کی ضرورت ہے وہیں پاکستان میں سینیٹ، قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں کے ارکان، تھنک ٹینکس، سکالرزاور سول سوسائٹی کے متحرک ارکان کو مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی تحریک کے حوالے سے متحرک اور وابستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل تسلسل کے ساتھ برطانیہ، یورپ اور دیگر ممالک سمیت پاکستان میں بھی سینیٹرز، ممبران قومی اسمبلی، پاکستان میں سکالرز، انسانی حقوق کے ذمہ داران اور ریسرچ کے اداروں سے رابطوں اور انہیں مسئلہ کشمیر کے لئے متحرک کرنے کی خواہاں ہے ۔ پاکستان نے ہمیشہ سے سفارتی اور سیاسی سطح پراہل کشمیر کی مدد کی اور کشمیریوں کے کیس کو دنیا میں اٹھایا۔ ضرورت اس امر کی ہے پاکستان کی پارلیمنٹس کے اراکین کو مسئلہ کشمیر کے خدو خال اور اس کی حساسیت سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں ان کی بنیادی ذمہ داریوں کا احساس دلایا جائے۔ ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلیوں پر بھی فوکس کیا جائے گا تاکہ پوری قوم یکجان ہو کر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے آواز بلند کر سکے۔ تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے پاکستان اور اسلام آباد کی سطح پر چیپٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں، جن کے عہدے داران کا باضابطہ اعلان اگلے چند روز تک مشاورت سے کر دیا جائے گا تا کہ کشمیر پر مجوزہ کام کو یہاں کے چیپٹرز کے ذریعے آگے بڑھایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں معروف سکالر ڈاکٹر شگفتہ نورین عباسی، سعدیہ نگہت عباسی، شازیہ بھٹ، روقیہ رشید،شہلا نیازی،شائستہ صفی،افشاں تحسین،عابدہ رفیق، خولہ خان،عاصمہ راجہ، نازیہ مصطفیٰ، بینش خان،حریت رہنما عبد الحمید لون کے علاوہ محمد سلیمان،وقاص مغل، جاوید اقبال، ڈاکٹرراجہ ساجد محمود سمیت دیگرر ریسرچ اداروں کے سکالرز، پی ایچ ڈی ڈاکٹرز، انسانی حقوق کے متحرک رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر مسلسل کوششوں کومزید مؤثراور فعال بنانے کے لئے بھرپور کام کیا جائے گا پاکستان کے مختلف ریسرچ اداروں، تھنک ٹینکس، انسانی حقوق کے متحرک اداروں سے مدد لی جائے گی اور پاکستان کی پارلیمنٹس اور دیگر اداروں کے ذمہ داران کوبھی متحرک کیا جائے گا۔ اس موقع پرچیئرمین تحریک حق خودارادیت راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کشمیری اپنے بنیادی حق، حق خود ارادیت کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں جبکہ بھارت کشمیریوں کواس حق سے محروم رکھنے کیلئے اپنی تمام فوجی قوت کو استعمال کر رہا ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن کشمیری حریت پسند عوام نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کر پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے انہیں جبر و ظلم کے ذریعے فتح کرنا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کشمیری عوام صبر و استقامت کے ساتھ اپنی منزل کو حاصل کرنے کےلئے جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔