شب برأت عقیدت واحترام سے منائی گئی،ملک کی سلامتی کیلئے دعائیں

April 21, 2019

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شب برأت نہایت عقیدت واحترام سے منائی گئی، اجتماعات میں اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ، بخشش ومغفرت اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، قبرستانوں میں شہریوں کا رش رہا،قبروں پر حاضری دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ، شہر بھر کی مساجد میں بعد نماز مغرب 6 خصوصی نوافل بھی ادا کئے گئے،محافل میں علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز نےاپنے خطبات میں اسلام کی حقیقی تعلیمات اور نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی،انہوں نے کہا کہ شب برأت اللہ سے رحمت کی طلب اور اپنے گناہوں سے توبہ ومعافی کا درس دیتی ہے، شہر بھر میں مختلف مساجد اور امام بارگاہوں کو برقی قمقوں سے سجادیا گیا تھا، مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور قبرستانوں کے باہر گلاب کے پھولوں کے اسٹال لگائے گئے ،شہریوں نے اولیا کرام کے مزارات پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر شیرینی نیاز بھی تقسیم کی گئی۔