کابل،وزارت مواصلات پرحملے میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت7ہلاک،4حملہ آورمارے گئے

April 21, 2019

کابل (جنگ نیوز)افغان دارالحکومت میں وزارت مواصلات کی عمارت پر حملے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 8 شہری زخمی ہوگئے ،طالبان ترجمان کی جانب سے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ حملہ افغان طالبان نے نہیں کیا،تفصیلات کے مطابق افغان وزارت مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی عمارت میں حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 4 عام شہری اور 3 سیکیو رٹی اہلکار شامل ہیں ۔حملہ مقامی وقت کے مطابق 11 بجکر 40 منٹ پر کیا گیا ،اس دوران زور دار دھماکہ کیا گیا جبکہ سیکیو رٹی اہلکاروں سے حملہ آوروں کا 6 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔سیکیورٹی اہلکاروں سے مقابلے میں چار حملہ آور ہلاک ہوئے ہیں ۔وزارت مواصلات کی عمارت کو ایسے وقت میں نشانہ بنایا گیا ہے کہ جب ایک روز قبل افغان حکام اور طالبان کے درمیان دوحہ میں ہونےو الے مذاکرات ملتوی ہوگئے ہیں ۔حملے کا نشانہ بننے والی 18منزلہ عمارت میں 2000 افراد موجود تھے جو حملے کے وقت خوفزدہ ہوگئے اور سیکیورٹی اہلکاروں نے سینکڑوں افراد کو عمارت سے بحفاظت باہر نکالا ۔وزارت مواصلات کی جانب سے ایک بیان میں کہاگیا کہ سینکڑوں افراد کو بچالیاگیا ہے جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے 8 افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال لے جایاگیا ۔ادھر افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس حملے سے طالبان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔