انستھیزیا ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کیلئےخصوصی ڈپلومہ کرایاجائےگا

April 21, 2019

ملتان( سٹا ف رپو ر ٹر )محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں انستھیزیا ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کیلئے 500 نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹروں میں سے 251کو انستھیزیا کا خصوصی ڈپلومہ کروانےکافیصلہ کیاہے۔ 251 مرد و خواتین میڈیکل آفیسرز پنجاب کی پانچ بڑی میڈیکل یونیورسٹیوں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور ، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور ، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی راولپنڈی ، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی فیصل آباد اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں 2 سالہ انستھیزیاڈپلومہ مکمل کریں گے۔انستھیزیا ڈپلومہ حاصل کرنے کے بعد یہ ڈاکٹر سپیشلسٹ کہلوائیں گے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت پنجاب منتخب کئے گئے ان ڈاکٹروں کوانستھیزیا ڈپلومہ مفت کروائے گا۔جس سے سرکاری ہسپتالوں میں انستھیٹسٹ ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ محکمہ صحت پنجاب 2 سالہ انستھیزیا ڈپلومہ مکمل کرنے والے ڈاکٹرز پر ایک ہی جگہ پر 3 سالہ تعیناتی کی پابندی ختم کردے گا ۔