ڈاک‘انام و بوستان میں بجلی کی فوری بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں‘انجینئر عثمان

April 23, 2019

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر عثمان بادینی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے جہاں صوبے کے اکثر اضلاع میں تباہی مچائی وہیں ڈاک، انام بوستان کو شدید متاثر کیا۔ سیلابی ریلوں کی وجہ سے بجلی کے کھمبے گر گئے جن کی مرمت اور تاحال بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاک، انام، بوستان میں دو ماہ سے بجلی کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے عوام پینے کے پانی سے محروم اور روزمرہ زندگی کے امور کی انجام دہی میں مشکلات کا شکار ہیں۔ کیسکو چیف کی بارہا یقین دہانیوں کے باوجود علاقے میں بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہ ہوسکی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی کی فوری بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوگئی‘مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا۔ ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوگئی۔وزراء کے چہروں کی تبدیلی کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔