حکومتیں مہنگائی اوربیروز گاری کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں،ضیاء عباس

April 24, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاستداں ، مسلم لیگ کے سابق سکریٹری سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں ہیں،منتخب ایوانوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے مثبت کوشش نظر نہیں آ رہی ہے،جلسوں کے بعد اب قومی اسمبلی اور دیگر منتخب ایوان میں بھی ایک دوسرے پر تنقید اور الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں ہورہا ہے ، کسی قسم کی قانون سازی نظر نہیں آ رہی ہے یہ صورت حال شہریوں کے لئے جمہوری نظام سے عدم دل چسپی کا باعث بن رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں ہیں، جس کی وجہ سے عوامی مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں ، عوام پریشان ہیں جس کو دور کرنے کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں، اسمبلی میں محض ایک دوسرے پر الزامات کے علاوہ کچھ نہیں ہورہا ہے، حکومت کو قانون سازی کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہوگا تاکہ ملک کو بہتری کی جانب گامزن کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے،بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے مسلسل پاکستان پر دبائو بڑھ رہا ہے، ان کا جنگی جنون پاکستان کے لئے نہیں خود بھارت کے لئے ایسی مشکل پید ا کرے گا جس سے بھارت برسوں باہر نہیں آسکے گا۔