فٹبال فار فرینڈشپ کے تحت لاہور میں میچ کا انعقاد

April 24, 2019

پاکستان کے ننھے فٹبالرز نے دنیا کو امن اور دوستی کا پیغام دے دیا، انٹرنیشنل چلڈرن سوشل پروگرام گیزپرام فٹبال فار فرینڈشپ کے تحت لاہور میں میچ کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین یوتھ کونسل حمزہ کرامت، ایونٹ میں شرکت کرنے والے بچوں میں میڈرڈ میں فٹبال فار فرینڈشپ پروگرام کا حصہ بننے والے بچے مجتبیٰ عمران، ارہام کامران، ابراہیم ضمیر، یوسف معظم، ہندو، سکھ، عیسائی اوردیگر بچے اور ان کے والدین موجود تھے۔

اس موقع پر والدین اور کوچز کے درمیان میچ ہوا۔ میچ میں ینگ کوچ الیون نے ہیڈکوچ الیون کو 0-2 سے شکست دی۔ فٹبال فار فرینڈشپ پروگرام کے تحت پاکستان سے5 بجے 28مئی سے 2_جون تک میڈرڈ میں ہونے والے پروگرام میں شریک ہوں گے۔

پاکستانی وفد کی قیادت کرنے والے فہد خان نے ایونٹ کو ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے معاونت پر حکومتی پروجیکٹ پیغام پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سکھ برادری کے نمائندہ بشن سنگھ نے پاکستانی قوم کو جوڑنے والے اس پروگرام کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹ ملک کی ضرورت ہیں، بچے اور والدین بھی فخر کا اظہار کرتے نظر آئے۔ اس پروگرام نے دنیا بھر کو پیغام دیا کہ پاکستانی مذہبی رواداری پر یقین رکھتے اور کھیلوں سے پیار کرنے والی قوم ہیں۔