آغا سراج درانی کیخلاف نیب کو تفتیش 4ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت

April 25, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف نیب انکوائری کے معاملے پر گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے اور ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ تفتیش کہاں تک پہنچی، تفتیشی افسر نے بتایا کہ آغا سراج درانی سے پہلے درجے کی تفتیش مکمل ہو چکی، مزید تحقیقات جاری ہیں، 4 ہفتوں کی مہلت دے دی جائے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر 4 ہفتوں میں تحقیقات مکمل نہ کیں تو دستیاب شواہد پر فیصلہ سنا دیں گے، عدالت نے نیب کو 29 مئی تک تحقیقات مکمل کرکے جامع جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔