دہشتگردی کیخلاف جنگ میں آزاد کشمیر رجمنٹ کی قربانیاں قابل قدر ہیں ،آرمی چیف

April 26, 2019

راولپنڈی (جنگ نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےدہشتگردی کیخلاف جنگ میں رجمنٹ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو رجمنٹل سینٹر آزاد کشمیر کا دورہ کیا ،انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن کو اے کے رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے۔اس موقع پر آرمی چیف نے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جوانوں اور افسران سے خطاب میں آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں رجمنٹ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔