انٹر کا امتحانی پرچہ مقررہ وقت سے 40 منٹ پہلے مراکز سے آئوٹ

April 26, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں کے تحت جمعرات کو بھی پرچہ مقرر وقت سے شروع ہونے سے 40منٹ قبل امتحانی مراکز سے باہر آچکا تھا اور جوابات بھی تیار مل رہے تھے انٹر کے امتحانات کے آغاز سے ہی امتحانی پرچے مقررہ وقت شروع ہونے سے قبل ہی باہر دستیاب ہوتے تھے اور یہ سلسلہ تاحال جاری، سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین نے ایک دن بھی کسی امتحانی مرکز کا دورہ کیا نہ پرچے مقررہ وقت سے قبل باہر آنے کا نوٹس لیا۔ انٹر بورڈ کراچی میں غیر معمولی صورتحال اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مقرر کردہ ناظم امتحانات کو چیئرمین کی جانب سے ہٹائے جانے پر بھی سیکرٹری ریاض الدین نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور معاملے پر کوئی تحقیقاتی کمیٹی بنائی ہے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے کراچی میں پرچہ آئوٹ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ سردار شاہ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کو تعلیمی بورڈزکے حوالے سے شکایت کی، وزیر تعلیم کے مطابق وزیر اعلی کو خط بھی لکھ دیا ہے کہ بورڈز کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ امتحانی پرچے روزانہ لیک ہو رہے ہیں اور ایسا کیوں ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ جب صبح اٹھتا ہوں تو پہلی خبر یہ ملتی ہے کہ آج بھی پرچہ لیک ہوگیا، سردار شاہ نے کہا کہ ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے جو مقررہ وقت سے قبل پرچہ آئوٹ کرنے والے افراد کو سخت سزا دے۔