کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ منڈلانے لگا، الرٹ جاری

April 27, 2019

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یکم سے 3 مئی کے دوران شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ہیٹ ویو کے دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت 40سے 42ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اس دوران دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی، جبکہ شمالی اور شمال مغربی علاقوں سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔

شہریوں کو ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور گھر و دفاتر سے نکلتے وقت پانی کی بوتل، گیلا تولیہ ساتھ رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

شہر میں چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے جبکہ جنوب مغربی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، کل بھی شہر میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔

ادھر وادی کوئٹہ سمیت گردو نواح میں مطلع مکمل صاف ہے، تا ہم درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی کی شد ت میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے ۔

اندرون بلوچستان بھی درجہ حرارت میں اضافے کےباعث موسم گرم ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

آج صبح ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجۂ حرارت کے مطابق وادی کوئٹہ میں 20 ، چمن اور قلات میں 17، ژوب میں 22، سبی میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت اور پنجگور میں 23، گوادر میں 24، جیونی میں 21 اور خضدار میں 15ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں شدید گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔