’’سیپاک ٹاکرا ملک میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے‘‘

May 04, 2019

پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے زیراہتمام اور محکمہ کھیل حکومت سندھ و پاپولر گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے نیشنل سیپاک ٹاکرا ریفری اینڈ کوچنگ کورس کا انعقاد سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں ہوا۔

کورس کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاپولر گروپ ملک ذوالفقار علی روشن تھے جبکہ گیسٹ آف آنر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی سابق صدر کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن، سید سرفراز احمد رجسٹرار سرسید یونیورسٹی، اولمپیئن افتخار سید، ایس ایم شاہجہاں چیئرمین امتیاز انٹرپرائزز ،جمیل احمد ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی، احمد علی راجپوت سیکرٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، اسلم خان صدر کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن تھے۔

واصف نثار لیکچرار کراچی یونیورسٹی نے اسپورٹس پلاننگ، سینئر اسپورٹس جرنلسٹس عتیق الرحمٰن اور ایپنک کے سیکریٹری جنرل اور سینئر جرنلسٹس شکیل یامین کانگا نے اسپورٹس میں میڈیا کا کردار، نوشاد احمد نے سیپاک ٹاکرا کے ماضی، حال اور مستقبل، احمد علی راجپوت نے اولمپک چارٹر جبکہ عبدالباسط نے سیپاک ٹاکرا کے رولز کے حوالے سے لیکچر دیئے۔

مہمان خصوصی ملک ذوالفقار علی روشن نے کہا کہ میں پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکریٹری نوشاد احمد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کے انہوں نے اتنے شاندار انداز میں کورس کا انعقاد کیا اور کہا کہ سینیٹر امام الدین شوقین کی ہدایت پر ہم نے ٹنڈو آدم میں اسپورٹس گراؤنڈ اور کمپلیکس بنایا ہے جس میں مختلف ایونٹس منعقد ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مستقبل میں بھی پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

مہمان خاص پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح ہم نے کرکٹ کی فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے، سیپاک ٹاکرا کے فروغ اور رہنمائی میں بھی ہر ممکن تعاون کریں گے۔

سید سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارا ادارہ کھیلوں کی ہر تنظیم کے ساتھ اپنا تعاون اسی طرح سے جاری رکھے گا۔

ایس ایم شاہجہاں نے کہا کہ پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن نے ریفری و کوچنگ کورس کا انعقاد کرکے سیپک ٹاکرا کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جس کے دوررس نتائج حاصل ہونگے۔

اولمپیئن افتخار سید نے کہا کہ ہر فیڈریشنز کو اس طرح کے کورسز کرانے چاہئیں۔ انہوں نے پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کو مبارکباد بھی پیش کی۔

چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی انجینئر محفوظ الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کا یہ تیسرا کورس ہے انکے ہر کورس کی یہ خصوصیت ہے کہ یہ کوچز اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت نے کہا کہ سیپاک ٹاکرا کا کھیل ملک میں تیزی سے فروغ پارہا ہے اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ فیڈریشن کے سیکریٹری نوشاد احمد خان اور ان کی ٹیم چیئرمین سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد عارف حفیظ، صدر شبیر احمد، سید اصغر حسین، عارف وحید خان، ریحانہ آصف، عبدالباسط، طارق خان، عرفان احمد، زبیر ملک اور دیگر دن رات اس کھیل کی بہتری اور فروغ دینے کیلئے کام کرہے ہیں۔

اسلم خان نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ کھیل کے میدانوں کو آباد کردو اسپتال خودبخود ویران ہوجائیں گے۔