آفریدی نے ٹنڈولکر، دھونی کے بجائے صرف کوہلی کو اپنی ٹیم میں کیوں لیا؟

May 10, 2019

سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد افریدی نے اپنی آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں سچن ٹنڈولکر اور ایم ایس دھونی کو نہ لینے اور صرف بھارت کے ویرات کوہلی کو ٹیم کا حصہ بنانے کی وجہ بتادی۔

بھارتی اخبار کے مطابق آفریدی کا کہنا ہے کہ سچن ٹنڈولکر اور مہندرا سنگھ دھونی اُن کے پسندیدہ بھارتی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ٹنڈولکر اور دھونی عظیم کھلاڑی ہیں اور انہوں نے بھارتی کرکٹ کے لئے بہت سی کامیابیاں حاصل کیا ہے، کوہلی کو ٹیم میں اس لئے شامل کیا کہ وہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہوئے بہت شاندار اور خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔

آفریدی نے اپنی ٹیم میں سعید انور اور ایڈم گلکرسٹ کو اوپنرز کی حیثیت سے شامل کیا، جس کا مطلب ہے ٹنڈولکر اور دھونی کیلئے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں جبکہ بھارت کے صرف ویرات کوہلی کو رکی پونٹنگ کے بعد چوتھے نمبر رکھا گیا۔

شاہد آفریدی کی آل ٹائم ورلڈ الیون میں سعید انور، ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، ویرات کوہلی، انضمام الحق، جیک کیلس، وسیم اکرم، گلین مک گرا، شین وارن، شعیب اختر اور ثقلین مشتاق شامل ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے بھارت کے ہر دورے کو انجوائے کیا ہے کیونکہ مجھے اور دیگر پاکستانی کرکٹر کو وہاں ہمیشہ پیار ملا ہے، میں بھارتی کرکٹ کو اس لئے سراہتا ہوں کہ کس طرح کھیل کو وہاں چلایا جاتا ہے اور پیسہ کماکر واپس کھیل اور کھلاڑیوں پر انویسٹ کیا جاتا ہے۔

آفریدی کا کہنا ہے کہ میرا اب بھی یقین ہے کہ کرکٹ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کا ایک ذریعہ ہے اور ہمیں باقاعدگی کے ساتھ دوطرفہ میچز کھیلنے چاہئیں کیونکہ جب ہم ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرتے ہیں تو عوام کا آپس میں رابطہ ہوتا ہے اور غلط فہمیاں کم ہوتی ہیں۔

انہوں نے 2004ء میں بھارت کے دورہ پاکستان کا بھی ذکر کیا کہ کس طرح پاکستانی عوام نے بھارتی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی مہمان نوازی کی اور بھارت کے عام شہری اور سرکاری شخصیات میچز دیکھنے پاکستان آئیں۔