’’گوتم گمبھیر اپنے ہم شکل سے انتخابی مہم چلوارہے ہیں‘‘

May 10, 2019

فلموں میں تو ہم شکل یا ڈبل رول دیکھتے آئے ہیں لیکن اب انتخابات میں ہم شکل سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔

بھارت کے لوگ سبھا انتخابات میں مشرقی دہلی سے بی جے پی کے امیدوار سابق ٹیسٹ کرکٹر گوتم گمبھیر اپنے ہم شکل کی مدد سے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔

نئی دہلی نائب وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے رہنما منیش سسوڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ دھوپ کی وجہ سے گوتم گھمبیر نے اپنے ’’ڈپلیکیٹٔ‘‘ کو اپنی جگہ کھڑا کردیا ہے۔

سسوڈی کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ’’فلموں میں اسٹنٹ ڈبل اور کرکٹ میں رنر کا تو سنا تھا لیکن انتخابی مہم میں ڈپلیکیٹ پہلی مرتبہ دیکھا ہے‘‘

سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں گوتم گمبھیر گرمی کی وجہ سے ایئرکنڈیشن کار میں بیٹھے ہیں جبکہ اُن کا ہم شکل کیپ پہنے گاڑی پر کھڑا ہے ، کارکن اُسے اس طرح ہار پہنا رہے ہیں جیسے وہ حقیقت میں کانگریسی رہنما ہے۔