سرکلر ریلوے اجلاس، وزیراعلیٰ کی وفاق سے رابطے کی ہدایت

May 15, 2019

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر بلدیات سعید غنی، مشیراطلاعات مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ، سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری پی اینڈ ڈی، ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہم کے سی آر شروع کرنے جا رہے ہیں، انھوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت کو خط لکھیں،جو سی پیک کا پیکیج اورنج لائین لاہور کو دیا گیا ہے وہ سندھ حکومت کو بھی دیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وزارت ریلوے کو بھی خط لکھیں۔خط میں وزارت ریلوے کو کہا جائے کہ وہ رائیٹ آف وے سے تجاوزات ہٹاکر سندھ حکومت کو 15 دن کے اندر منتقل کرے۔

وزارت ریلوے سے رائیٹ آف وے ٹرانسفر ہوتے ہی سندھ حکومت منصوبے کا عالمی ٹینڈر کروائے گی۔کے سی آر ا ور پھر ساوورین گارنٹی کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھکر منصوبے کی منظوری کروائیں گے۔