وزیر اعظم ہاؤسنگ سکیم ،ملتان میں اراضی کی تلاش ،کمیٹی قائم

May 16, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت نے کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے اپنے گھر کا انقلابی منصوبہ شروع کیا ہے۔اس سلسلے میں وزیر اعظم ہاؤسنگ سکیم کے تحت ضلع ملتان میں بھی سکیم کے آغاز کیلئے اراضی کی تلاش شروع کردی گئی ہے، ابتدائی طور پر موضع بہاولپور سکھا میں 900کنال سے زائد اراضی تجویز کی گئی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس میں ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید انصاری،سی او میونسپل کارپوریشن اقبال فرید اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی قاضی منصور نے بھی شرکت کی،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کو مزید بہتر مقامات کی نشاند ہی کرکے کیس بھیجا جائے گا تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کی جاسکے، حکومت پنجاب انفراسٹرکچر کے لحاظ سے اراضی کا حتمی فیصلہ کرے گی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اراضی کی تلاش کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی۔