مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کی جارحیت، 8 شہید، عالمی برادری نوٹس لے، پاکستان

May 17, 2019

سری نگر(جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 8 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔پاکستان نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ،ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران پلوامہ اور بارہمولہ میں 8 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوانوں نصیر پنڈت، عمر میر اور خالد احمد کو ضلع پلوامہ کے علاقے ڈالی پورہ میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران شہید جبکہ ایک مکان کو بھی دھماکے سے تباہ کردیا۔ڈالی پورہ میں ہی پر امن مظاہرین پر قابض فوجیوں کی فائرنگ سے رئیس احمد ڈار نامی ایک اور نوجوان شہید جبکہ اس کا بھائی یونس احمد ڈار زخمی ہو گیا۔ یہ دونوں فوجیوں کی طرف سے تباہ کیےگئے مکان کے مالک کے بیٹے بتائے جا رہے ہیں۔ادھر شوپیاں کے علاقے ہاندیو میں بھی بھارتی فوج کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 3مزید کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔