وزیر اعظم کی عید سے قبل میڈیا کے واجبات ادا کرنے کی ہدایت

May 17, 2019

اسلام آباد/کراچی/لاہور(نمائندگان جنگ… جنگ نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے عید سے قبل میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاون خصوصی اطلات ونشریات فردوس عاشق اعوان اس عمل کی خود نگرانی کریں۔دوسری جانب اے پی این ایس اور پی بی اے نے وزیر اعظم عمران خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق، کے پی اور پنجاب پر 3 ارب 40 کروڑ واجب الادا ہیں جبکہ پی پی دور حکومت کے بھی 5 ارب 46 کروڑ روپے واجبات ہیں۔ جبکہ صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نےکہا ہے کہ میڈیا کے تعاون سے ملکی ترقی و خوشحالی کا سفر عمران خان کی قیادت میں جاری رکھیں گے، میڈیا اداروں کو واجب الادا رقوم کی تیزی سے ادائیگی میں سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر پنجاب نے متحرک کردار ادا کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کا فروغ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ناگریز ہے۔ میڈیا صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی احساس ہے، ان کا حل اولین ترجیح ہے، انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہی۔ اجلاس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے واجبات اور ادائیگیوں کے متعلق تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی وزیراعظم برائے میڈیا افیرز یوسف بیگ مرزا، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری، سینٹر فیصل جاوید اور وزیر اعظم کے سیکرٹری نےشرکت کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کو میڈیا صنعت کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے واجبات کے معاملات بھی تفصیلی طور پر زیر بحث آئے۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے وزارت اطلاعات پی بی اے اور اے پی این ایس کے نمائندگان کے ساتھ فوری مشاورت کی جائے اور عید سے پہلے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ وزیرا عظم نےمعاون خصوصی اطلاعات و نشریات کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ وزیرا عظم نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے آئینی اور بنیادی حق پر کامل یقین رکھتے ہیں، آزاد اور ذمہ دار صحافت کا فروغ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ناگریز ہے۔ وزیرا عظم نے وزارت اطلاعات کو ہدایت دی کہ حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کیا جا ئے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی ذرائع ابلاغ کے بقایا جات عیدالفطر سے قبل بے باق کرنے کی ہدایت پر پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن(پی بی اے) اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ای) نے اظہار تشکرکیا ہے۔دونوں نے پرانے واجب الادا بقایاجات کا نوٹس لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔جنہوں نے اپنے مشیروں ،وفاقی ، خیبر پختون خوا اور پنجاب حکومتوں کے حکام کو عید الفطر سے قبل بقایاجات ادا کر دینے کی ہدایت کی ہے۔اے پی این ایس اور پی بی اے نے استدعا کی ہےایک ہی مرحلے میں تمام تر بقایاجات بے باق کردئے جائیں تاکہ تنخواہوں اور دیگر بقایاجات کی ادائیگی کو ممکن بنایا جا سکے۔وفاق ، خیبر پختونخوا اور پنجاب پرپرنٹ اور ٹی وی دونوں کے تین ارب 40کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ اے پی این ایس اور پی بی اے نے واضح کیا کہ اس میں پیپلز پارٹی دور حکومت کے متنازع بقایاجات شامل نہیں ہیں۔جو تین ارب 46 کروڑ روپے بنتے ہیں، نہ ہی ان میں سندھ حکومت پر واجب الادا دو ارب روپے شامل ہیں۔صدر اے پی این ایس حمید ہارون نے کہا کہ حکومتی اقدام سے میڈیا کے ساتھ خوشگوار تعلقات اور مفااہمت میں مدد ملے گی۔پی بی اے کے صدر شکیل مسعود نے میڈیا ہائوسز اور صحافیوں کو درپیش مشکلات کا ادراک کر نے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور سیکریٹری جنرل سرمد علی نے کہا کہ اس اقدام کا نہ صرف میڈیا مالکان بلکہ کارکنان بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ اکتوبر میں اے پی این ایس کے ساتھ اجلاس میں حکومت نے اشتہارات کی مدد میں بقایا جات کلیئر کر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس وقت کی متعلقہ وزارتوں نے یہ یقین دہانی پوری نہیں کی۔ اے پی این ایس نے اس بات کو سراہا کہ وزیراعظم کی موجودہ میڈیا ٹیم میڈیا انڈسٹری کو درپیش سنگین مالی بحران سے آگاہ ہے۔ اس نے اصلاحی اقدامات تجویز کئے ہیں۔ وزیراعظم کے مذکورہ اقدام سے میڈیا انڈسٹری کو اپنے سنگین مالی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اس طرح وہ نیا پاکستان کی تشکیل و تعمیر میں مددگار ثابت ہوسکے گی۔ اس بیل آئوٹ پیکیج سے حکومت۔میڈیا تعلقات بھی ملکی مفاد میں مزید مستحکم ہوں گے۔ اے پی این ایس کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ مذکورہ بقایاجات ایک ہی مرحلے میں بے باق کر دیئے جائیں گے تاکہ میڈیا مالکان اپنے کارکنان کی تنخواہیں اور بقایا جات عیدالفطر سے قبل ادا کرسکیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے میڈیا واجبات کی مد میں مزید4کروڑ 41لاکھ کے واجبات ادا کر دیئے گئے۔صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نےکہا ہے کہ میڈیا کے تعاون سے ملکی ترقی اور خوشحالی کا سفر عمران خان کی قیادت میں جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیر نے ادائیگیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز کو گزشتہ دنوں 18 کروڑ 18لاکھ روپے دو قسطوں میں ادا کئے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے ادائیگیوں کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے میڈیا اداروں کو ادائیگیوں کی ایک اور قسط ادا کر دی گئی جس میں بہاولپور ڈویژن کے 34لاکھ روپے بھی شامل ہیں۔ اس طرح حکومت پنجاب اب تک مجموعی طور پر اشتہارات کی مد میں میڈیا کے اداروں کو تقریباً ساڑھے 22کروڑ روپے ادا کر چکی ہے جبکہ دیگر واجب الادا رقوم کی مکمل ادائیگی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صمصام بخاری نے کہا کہ میڈیا کے اداروں کو واجب الادا رقوم کی تیزی سے ادائیگی میں سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر پنجاب نے متحرک کردار ادا کیا ہے۔میڈیا کے اداروں کو اشتہارات کی مد میں باقی ادائیگیاں بھی اسی رفتار سے بہت جلد کلیئر کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آزاد اور مالی لحاظ سے مضبوط میڈیا کو جمہوریت کا لازمی حصہ سمجھتی ہے اور صحافتی ادارے مالی طور پر مشکلات اور مسائل کے بھنور سے نکل کر آزادانہ طریقے سے اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔