ہندو گاؤ رکھشاؤں کے ہاتھوں ایک اور مسلمان قتل

May 17, 2019

سری نگر(جنگ نیوز)ہندو گاؤ رکھشاؤں کے ہاتھوں ایک اور مسلمان قتل ہوگیا‘غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے دور دراز پہاڑی علاقے میں گھوڑے لے جانے والے مسلمانوں کے گروپ کا چند افراد کے ساتھ جھگڑا ہوا۔مسلمانوں پر حملہ کرنے والوں کی فائرنگ سے 50 سالہ نعیم احمد شاہ کے سر میں گولی لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ دوسرا شخص یاسین حسین زخمی ہوا۔یاسین حسین نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔خطے کے انسپکٹر جنرل پولیس ایم کے سِنہا نے بتایا کہ ʼہم واقعے کی گاؤ رکھشاؤں کے حملے کے زاویے سے تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ 7 افراد کو تفتیش کیلئےحراست میں لیا گیا ہے۔