مغربی ہواؤں کا سسٹم برسے بغیر کراچی سے نکل گیا

May 17, 2019

مغربی ہواؤں کا سسٹم برسے بغیر ہی کراچی سے نکل گیا، ڈائرکٹر محکمہ موسمیات کہتے ہیں کہ شہرمیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا بھی اب کوئی امکان نہیں، البتہ بلوچستان اور بالائی سندھ میں آج بارش ہو گی۔

شمال مشرقی و مغربی بلوچستان میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، جبکہ جنگل پیر علی زئی، سرانان، بوستان، شیرانی، مانی خوا اور رکھنی میں بھی بارش جاری ہے۔

لیویز حکام کے مطابق موسلا دھار بارش کے بعد سوناری رابطہ پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس کی وجہ سے ضلع کا سبی اور کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

لیویز ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کوہلو تا سبی شاہراہ ہر قسم کی آمدورفت اور ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ادھر دکی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے پہاڑی نالوں میں طغیانی آگئی جس سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔

ہرنائی میں مختلف ندی نالوں میں سیلابی ریلوں کے باعث پنجاب بلوچستان کے درمیان آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

موسیٰ خیل کے علاقے میں بارش سے ندی نالوں میں سیلابی ریلے پیدا ہونے لگے جس سے موسیٰ خیل کنگری روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

پنجاب میں راجن پورشہر اور گرد و نواح میں بارش ہوئی ہے جبکہ کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طیغانی آگئی۔

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق راجن پور میں برساتی نالے کاہا سلطان سے 21 ہزار کیوسک کا سیلابی پانی گزر رہا ہے۔