پی پی ن لیگ ایک سکے کے دورخ ، انہی نے معیشت تباہ کی،شہباز گل

May 20, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں کا حق ہے وہ ملیں بات کریں تاکہ اگلہ لائحہ عمل بنائیں مگر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں انہی دو پارٹیوں کی حکومتوں نے معاشی اعتبار سے پاکستان کو بالکل تباہ کر دیا۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے لوگوں کا جینا تنگ کر دیا ہے، موجودہ حکمران دھوکے باز ہیں اگر حالات اسی طرح چلتے رہے تو پھر عوام خود باہر نکل آئیں گے جس کی نہ پھر کوئی ڈائریکشن ہوگی نہ لیڈر شپ ہوگی سیاسی جماعتیں اسی لئے ہوتی ہیں کہ ایسی صورتحال میں مل بیٹھیں مایوس عوام کو بھی امید دے رہے ہیں کہ آپ کے لئے کچھ سوچ رہے ہیں کچھ کرنے والے ہیں ورنہ ناامیدی اگر زیادہ بڑھی تو معاملہ کسی اور طرف چلا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ ہم نے دعوت دیدی دیکھنا ہے مریم نواز کس فہم و فراست سے آگے بڑھیں گی اسٹیبلشمنٹ نے ہمیشہ سیاسی پارٹیوں کو ہی سیاسی پارٹیوں کے خلاف استعمال کیا ہے پیپلز پارٹی بالکل تیار ہے وہ اپنی جدوجہد کرے گی فیصلہ کر لیا ہے تمام پارٹیوں کو بلا کر ان سے اپنی رائے مانگے گی اپنے ساتھ چلنے کی دعوت دے گی باقی پارٹیوں کی اپنی مرضی ہے۔رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اس وقت مریم نواز پاکستان مسلم لیگ نون کی تنظیم کا حصہ ہیں ۔