مسئلہ کشمیر حل کرانےکیلئے یورپین پارلیمنٹ کے انتخابات میں کشمیر دوست امیدوار کامیاب کرائیں، واجد خان

May 21, 2019

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) یورپین پارلیمنٹ کے انتخابات کیلئے کشمیر دوست امیدواروں کو کامیاب کریں تاکہ آئندہ مسئلہ کشمیر پر یورپین پارلیمنٹ میںانسانی حقوق کمیشن کے سامنے بحث کے بعد مزید اس پر کارروائی جاری رہ سکے۔ واجد خان ایم ای پی کی خدمات مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔ پہلی بار کشمیر ایشو پر برسلز یورپین ہیڈکوارٹر میں انسانی حقوق کے کمیشن کے سامنے بحث کیلئے کی گئی جدوجہد پر واجد خان ایم ای پی کو حکومت پاکستان نے ستارہ قائداعظم دیا۔ کُل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی زبردست خیرمقدم کرتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کی جانب سے واجد خان MEPکے اعزاز میں برمنگھم سٹی کونسل لیبرروم میںپروقار تقریب کا انعقاد چوہدری عظیم کی صدارت میںکیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے حاصل کی جب کہ نظامت کے فرائض کل جماعتی کے صدر راجہ امجد خان نے بطریق احسن سرانجام دیئے اور تمام ممبران کا تعارف معزز مہمانوں سے کرایا۔ تقریب میں شان سائمن ایم ای بی، کونسلر وسیم ظفر، سابق کونسلر و ایم ای بی امیدوار عنصر علی خان، زارا خان، چوہدری خادم حسین، کونسلر شفیق شاہ، کونسلر محمد ادریس، کونسلر اخلاق، چوہدری منظور حسین، حاجی بشیر آرائیں، نامزد لارڈ میئر کونسلر چوہدری عظیم، وقار اسلم کیانی، غضنفر محمود، چوہدری ظفر اقبال، ولایت خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ واجد خان ایم ای پی نے مزید کہا کہ دورہ مظفرآباد کے دوران مہاجر کیمپ میںایک آٹھ سالہ بچے کی شہادت اور اس کے خون سے رنگے ہوئے فٹبال نے میری زندگی تبدیل کرکے رکھ دی، اس روز میں نے عہد کیا تھا کہ بطور ممبر آف یورپین پارلیمنٹ مجھے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کچھ کرنا ہے۔ اس دوران میرے ساتھی شان سائمن سمیت پچاس سے زائد ممبران آف یورپین پارلیمنٹس کی حمایت حاصل ہوگی۔ یہ ایک سنگ میل عبور کرنے کے مترادف تھا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے بھی ہم سب پر دبائو تھا لیکن میرے پایہ استقلال میںلرزش نہ آئی۔ گزشتہ ستر برس میںاقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیرکے حوالے سے بنیادی انسانی حقوق کی وائلیشن کے بعد یورپین پارلیمنٹ میںمسئلہ کشمیر پر بحث تحریک آزادی کشمیر کیلئے بڑی کامیابی ہے۔ آپ کشمیر دوست امیدواروں کو ووٹ دیں تاکہ مسئلہ کشمیر پر بہتر پیش رفت ہوسکے۔اس موقع پر MEPامیدوار شان سائمن، عنصر علی خان، زارا خان نے بھی خطاب کیا۔