محمود آباد، زیر تعمیر عمارت کے بلڈر اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم

May 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے محمود آباد میں چھوٹے سے پلاٹ پر زیر تعمیر عمارت کی چھٹی منزل کی دیوار بنانے کے دوران بلاک گرنے سے ایک خاتون کی ہلاکت اور بچوں کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایس بی سی اے کو فوری طور پر بلڈر اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیئے اور کہا کہ جو بھی اس سانحہ کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے، سعید غنی نےکہا اگر عمارت نقشہ اور اجازت کے بغیر تعمیر کی جارہی تھی تو مذکورہ بلڈر کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرائی جائے،جہاں جہاں بھی غیرقانونی تعمیرات ہورہی ہیں بلا تفریق اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،اگر ان غیر قانونی تعمیرات میں کوئی افسر ملوث ہے تو اس کے خلاف بھی سخت سے سخت محکمہ جاتی کارروائی فوری طور پر عمل میں لائی جائے، مکینوں نے دیوار گرنے کے واقعے پر شدید احتجاج کیا تاہم سحری تک محکمہ بلدیات حکام اور ایس بی سی اے کی جانب سے کوئی نمائندہ جائے حادثہ پر نہیں پہنچا جس پر علاقہ مکین شدید برہم اور سراپا احتجاج رہے ۔