افطارپارٹی نے میثاق جمہوریت میں نئی روح پھونک دی :پیپلزپارٹی

May 21, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری جاوید صدیقی، ضلعی صدر میاں کامران عبداللہ مڑل، ضلعی جنرل سیکرٹری راؤ ساجد علی، چوہدری یاسین، رئیس الدین قریشی، میاں عرفان شفیع، رانا صفدر نون، ملک اسد، چوہدری احمد گجر، ناصر خان بلوچ، احسن ظہور، چوہدری شاہین میئو، عبدالرئوف لودھی، ملک ریاض ارائیں، آفتاب شبیر چانڈیو نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ایک افطاری سے حکومتی ایوان لرز اٹھے ہیں اور وزراءصف ماتم بچھا رہے ہیں ، پرانے پاکستان میں بجٹ تیاری میں آئی ایم ایف کی مشاورت ہوتی تھی لیکن نئے پاکستان میں آئی ایم ایف خود بجٹ تیار کررہاہے یہ ہے عمران نیازی کی تبدیلی جبکہ ڈالر اوپن مارکیٹ سے غائب ہو چکا ہے، سٹاک مارکیٹ کریش کر چکی ہے، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 152روپے تک پہنچ چکا ہے، مہنگا ڈالر بیچنے والوں کیخلاف ایکشن کا حکومتی اعلان بھی بیکار ثابت ہوا، عمران نیازی کے پاس نہ تو معاشی حکمت عملی ہے اور نہ ہی وہ گورنس جانتے ہیں، اناڑی اور نا اہل حکومت کا معیشت پر کنٹرول ختم ہو چکا ہے، پہلے حکومت نے اپنی اصلی معاشی ٹیم کی ناکامی پر ان سے استعفیٰ لیا، اب آئی ایم ایف والی ٹیم پہلے ہی ہفتے میں یہ گل کھلا رہی ہے، افطاری نے ایک بار پھر شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کے میثاق جمہوریت میں نئی روح پھونک دی ہے ۔