2 سب انسپکٹروں سمیت 6 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری

May 21, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر 2 سب انسپکٹروں سمیت 6 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں، فاضل عدالت نے تھانہ کینٹ کے سب انسپکٹر محمد اشرف، کانسٹیبلوں محمد علی اور صغیر کو 22 مئی ، تھانہ قطب پور کے سب انسپکٹر اللہُ بخش، کانسٹیبلوں محمد رمضان اور محمد سجاد کو گرفتار کر کے 23 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے ، سیشن کورٹ نےپولیس تھانہ نیو ملتان کو پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے اپنی حدود میں کام کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت میں آسیہ بی بی بی نے درخواست دائر کی تھی، فاضل عدالت نے زیادتی کے ملزم شہروز کی عبوری ضمانت میں تھانہ ممتاز آبادپولیس سے 25 مئی کو ریکارڈ طلب کر لیا ہے، سیشن کورٹ نے حبس بے جا کی درخواست میں بازیاب ہونے والی خاتون کو والد کے ساتھ بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست خارج کر دی ہے ، فاضل عدالت میں اقبال نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے سسر محمد غلام جیلانی نے اسکی بیوی کومحبوس کرلیا ہے،عدالت کے حکم پر پولیس تھانہ مخدوم رشید نے محبوس خاتون کو بازیاب کراکے عدالت پیش کیا ،جس نے والد کے ساتھ رضامندی سے رہنے کا بیان قلمبند کرایا جس پر فاضل جج نے درخواست خارج کردی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے کے مقدمے میں ملوث ملزم شفقت کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے ،فاضل عدالت نے بجلی چوری کے ملزم اشرف کو ایک سال کے لئے پروبیشن پر بھجوانے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے ملتان کی سحرش بی بی کی درخواست پر اسے دارالامان بھجوانے کا حکم دیا ہے۔