ہائیکورٹ:عدالتی حکم کے باوجود ملزمان کو رہا نہ کرنے پرآئی جی جیل، سپرنٹنڈنٹ کی طلبی

May 21, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے عدالتی حکم کے باوجود ملزمان کو رہا نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو نوٹس جاری کرکے 10 جون کو عدالت طلب کیا ہے،فاضل عدالت میں ملزم عبدالباسط نے موقف اختیار کیا کہ راولپنڈی میں فرقہ واریت کا ایک واقعہ ہوا جس میں 15افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے جس پر ان کو گرفتار کیا گیا اورعدالت نے ملزم کو سزائے موت سنائی جسے راولپنڈی بنچ نے بھی برقرار رکھا جس کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی گئی تو اس کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی گئی، فیصلے پر عدالت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی کہ اس کی سزا پوری ہوچکی ہے لہٰذا انہیں رہا کیا جائے تو عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا جبکہ حکام نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 21 ایف کے تحت یہ موقف اختیار کیا کہ ایسے ملزمان کو سزا میں کوئی رعایت نہیں دی جاسکتی اور قانون میں ترمیم بھی آگئی ہے،اس فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی جس پر ڈویژنل بنچ نے کہا کہ قانون میں ترمیم بعد میں آئی ہے اور یہ کیس پہلے کا ہے لہٰذا ملزمان جیل میں ملنے والی رعایت کے مستحق ہیں، جیل حکام نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کے بجائے ملزمان کو اٹک سے لاہور اور لاہور سے ملتان شفٹ کردیا لہٰذا ملزمان کو عمررسیدہ ہونے کے باعث رہا کیا جائے۔