ہالینڈ کے ساتھ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں ہے، پاکستانی سفیر

May 21, 2019

ہالینڈ میں پاکستانی سفیر شجاعت علی راٹھور نے کہا ہے کہ ہم نے اس مرتبہ اپنے لئے ایک بلین ڈالر ایکسپورٹ کا ٹارگٹ سیٹ کیا تھا لیکن روپے کی گراوٹ اس ٹارگٹ کو پورا کرنے میں رکاوٹ بن گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمسٹرڈیم میں ورلڈ آف پرائیویٹ لیبل نمائش کے دورا ن پاکستانی اسٹالز کے دورے کے موقع پر اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ بھر میں نیدرلینڈ کے ساتھ پاکستان کا تجارتی بیلنس پاکستان کے حق میں ہے ۔ میں نے خود پاکستان میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام سے ملاقات کرکے انہیں متوجہ کیا تھا کہ وہ نیدر لینڈ کی طرف بھی توجہ دیں لیکن اس مرتبہ ورلڈ آف پرائیویٹ لیبل میں صرف 5 کمپنیاں اپنی مختلف مصنوعات لیکر آئی ہیں۔

انہوں نے بڑے پاکستانی تاجروں کو متوجہ کیا کہ وہ ورلڈ آف پرائیویٹ لیبل نمائش کو کمتر نہ سمجھیں کیونکہ یہ نمائش اپنے اخراجات کے لحاظ سے مہنگی ضرور ہے لیکن یہاں صرف سنجیدہ خریدار ہی آتے ہیں ، جبکہ ان کا تعلق بھی یورپ کے مختلف ممالک سے ہوتا ہے۔

اس موقع پر نیدر لینڈ میں پاکستان کے کمرشل کونسلر سید محمود حسن بھی موجود تھے۔

اس نمائش میں پاکستان سے چاول کھجور ، ڈینم اور دو معمولی ابتدائی سرجیکل آلات کی کمپنیاں شریک ہیں۔