وفاقی کابینہ نے ’کامیاب جوان‘ پروگرام کی منظوری دیدی

May 21, 2019

وفاقی کابینہ نے آسان قرض کے پروگرام ’کامیاب جوان‘ کی منظوری دے دی۔

معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کےباوجود ’کامیاب جوان‘ پروگرام کےلیے 100 ارب روپیہ مختص کردیا گیا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس پر میڈیا بریفننگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے کامیاب جوان پروگرام اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 15 مئی کے اجلاس کے فیصلوں کی اصولی منظوری دے دی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ بینک 5 لاکھ تک 6فیصد شرح سود پر اور 5 سے 50لاکھ 8فیصد شرح سود پر قرض دیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق کے تحت نئی تعلیمی پالیسی ترتیب دی جائے گی،کابینہ نے ڈالر کی بڑھتی قدر پر بھی غور کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے موجودہ حکومت کو جو خراب معاشی صورتحال ملی، اس پر بھی غور کیا گیا، وزیراعظم نے عزم دہرایا کہ مشکل صورتحال سے نکلنے کے لیے عوام کی طاقت ساتھ ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مشیر خزانہ ماضی کی حکومتوں کے معیشت پر خودکش حملے پر جلد ہی خود بات کریں گے، ماضی کی حکومت نے معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ’کامیاب جوان‘ پروگرام کی منظوری دی ہے، جس کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں، اس پروگرام میں خواتین کے لیے 25فیصد کوٹا رکھا گیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب اور کے پی کے اندر نیا لوکل گورنمنٹ بل متعارف کرادیا گیا ہے، اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ بورڈ کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے اور اسد عمر کو اسلام آباد لوکل بورڈممبر تعینات کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور کراچی کی بینکنگ کورٹ کے جج کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق کے تحت نئی تعلیمی پالیسی ترتیب دی جائے گی، وزیرتعلیم آئندہ چند روز میں اس پر بریفنگ دیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈارنے وڈیو بیان میں کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے اچھی اور بڑی خبر ہے کہ وزیراعظم کے بعد کابینہ نے بھی کامیاب جوان پروگرام کی توثیق کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ’کامیاب جوان‘ پروگرام کے لیے 100 ارب روپیہ مختص کردیا گیا ہے، کابینہ سے خطیر رقم کی منظوری نوجوانوں کی بڑی کامیابی ہے۔