ایس ایچ او دہلی گیٹ سمیت 3پولیس اہلکاروں کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری

May 22, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے حکم عدولی پر ایس ایچ او تھانہ دہلی گیٹ سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے 23 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے پولیس تھانہ دہلی گیٹ میں درج منشیات کے مقدمہ میں طلبی کے باوجود بطور گواہ پیش نہیں ہونے پر ایس ایچ او ضیاء اختر، اے ایس آئی ریاض حسین، اور کانسٹیبل محمد جاوید کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے،فاضل عدالت نے حبس بے جا کی درخواست میں محبوس خاتون کی بازیابی کے لئے نشاندہی نہ ہونے پر درخواست خارج کرتے ہوئے داخل دفتر کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت میں ملتان کی نور جہاں نے درخواست دائر کی تھی کہ اس کی بیٹی مدیحہ نے شوہر کے ساتھ ناچاقی پر دعویٰ تنسیخ نکاح دائر کیا ہوا ہے جس پر خاوند جعفر حسین نے رنجش میں بیٹی کو اٹھا لیا ہے جس کی جان کو خطرہ لاحق ہے ،گزشتہ سماعت میں عدالت کو بتایا گیا کہ جن پر الزام لگایا گیا ہے محبوس ان کے پاس بھی موجود نہیں ، فاضل عدالت نے بلیڈ مار کر خودکشی کی کوشش کرنے کے مقدمے میں ملزم عمران کی عبوری ضمانت میں پولیس کو 28 مئی کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے،جوڈیشل مجسٹریٹ نے بجلی چوری کے ملزم ممتاز حسین کو ایک سال کے لیے پروبیشن پر بھجوانے کا حکم دیا ہے ، تیز رفتاری کے ملزم نیک محمد کو جرم ثابت ہونے پر 2 ہزار روپے جرمانے جبکہ ملتان کی آسیہ بی بی کی درخواست پر اسے کو دارالامان بھجوانے کا حکم دیا ہے۔